مائیکروسافٹ کا پاس ورڈز ختم’ پاس کیز متعارف

واشنگٹن ( مانیٹرنگ ڈیسک )مائیکروسافٹ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اگست2025ء سے اپنے اکاونٹس کے لیے پاس ورڈز کا استعمال مکمل طور پر ختم کر کے اس کی جگہ زیادہ محفوظ پاس کیز ٹیکنالوجی متعارف کرائے گا جبکہ یہ فیصلہ کمزور پاس ورڈز کی وجہ سے اکاؤنٹس کو لاحق خطرات اور ہیکنگ کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق پاس کیز ڈیجیٹل کیز ہیں جو ویب سرورز پر اسٹور نہیں ہوتیں، جس سے ان کی سیکیورٹی بڑھ جاتی ہے اور یہ ٹیکنالوجی طویل پاس ورڈز کے بجائے 4 ہندسوں کا پن کوڈ یا بائیو میٹرک ڈیٹا(جیسے فنگر پرنٹ یا چہرے کی شناخت)استعمال کرتی ہے، جس سے لاگ ان کا عمل تیز اور محفوظ ہو جاتا ہے۔پاس کیز کی بدولت پاس ورڈ مینیجرز پر ہیکرز کے حملوں کا خطرہ بھی کم ہو جاتا ہے۔مائیکروسافٹ صارفین کو پاس کیز بنانے کے لیے Authenticator ایپ کے ذریعے نوٹیفکیشن بھیجے گا اور اگر آپ Authenticator استعمال نہیں کرتے، تو ای میل یا دیگر ذرائع سے آگاہ کیا جائے گا۔Authenticator ایپ میں ایک نیا پاس کیز سیکشن بھی شامل کیا جا رہا ہے جہاں صارفین آسانی سے اپنی پاس کی تیار کر سکیں گے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ پاس کیز سے لاگ ان کا عمل نہ صرف تیز بلکہ زیادہ محفوظ بھی ہے تاہم، ایک ممکنہ مسئلہ یہ ہے کہ اگر آپ کا موبائل فون گم ہو جائے جس میں پاس کیز اسٹور ہیں تو اکاونٹ تک دوبارہ رسائی کے لیے اضافی کوشش کرنا پڑ سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں