سعید انور نے اﷲ کے دین کیلئے اچانک کرکٹ سے دوری اختیار کی تھی’ مشتاق احمد

لاہور (سپورٹس نیوز) سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد نے لیجنڈری اوپنر سعید انور کی اچانک کرکٹ سے دوری کی وجہ بیان کردی۔ ورلڈ کپ 1992 کی فاتح ٹیم کا حصہ اور سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد نے بتایا ہے کہ اوپنر سعید انور کرکٹ کی دنیا سے اچانک دور کیوں ہوگئے تھے۔ 54 سالہ مشتاق احمد کے مطابق سابق چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا کہ مشتاق، سعید انور سے بات کروں وہ پاکستان کی خدمت کریں، وہ بڑا پلیئر ہے؟۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ابھی تک سعید انور جیسا اوپنر پیدا نہیں ہوا خیر میں سعید انور کے پاس گیا اور کہا کہ شہریار صاحب کہہ رہے ہیں آکر کوچنگ کرلیں، سلیکٹر بن جائیں کچھ بھی کرلیں۔ سابق لیگ اسپنر کے مطابق سعید انور نے ان سے کہا کہ شہریار صاحب کا شکریہ ادا کرنا لیکن میں بڑی مشکل سے اس دنیا سے نکلا ہوں، میں کمزور آدمی ہوں، میرے لیے وہاں سے واپس آکر پھر ادھر جانا مشکل ہوجائے گا۔مشتاق احمد نے بتایا کہ سعید انور نے ان سے کہا کہ میں اللہ کے دین کا کام کرنا چاہتا ہوں، میرے لیے دعا کرنا میں نے بڑی مشکل سے سب کچھ چھوڑا ہے۔ واضح رہے کہ سعید انور نے اپنے کیریئر میں کئی شاندار اننگز کی بدولت پاکستان کو کامیابی دلوائی۔ سعید انور کے کیریئر کا سب سے شاندار لمحہ 1997 میں آیا جب انہوں نے چنئی میں روایتی حریف بھارت کے خلاف 194 رنز سکور کرکے ویوین رچرڈز کا 189* رنز کا ریکارڈ توڑا ، ان کا سکور 12 سال تک ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں سب سے زیادہ سکور رہا۔سعید انور نے 55 ٹیسٹ، 247 ون ڈے انٹرنیشنل میں ملک کی نمائندگی کی اور بالترتیب 4052 اور 8824 رنز بنائے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں