کل سے یکم جولائی تک بارشیں ہی بارشیں

اسلام آباد (بیوروچیف) ملک میں بارش کے نئے اسپیل نے دستک دے دی، پنجاب میں 25جون سے یکم جولائی تک تیز آندھی کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی گئی۔پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے بھر میں آندھی جھکڑ اور بارشوں کا الرٹ جاری کردیا، جس کے مطابق 25جون سے یکم جولائی کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز آندھی گرد آلود ہوائیں اور بارش کی پیشگوئی ہے۔ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاوالدین اور حافظ آباد میں بادل برسیں گے، گجرات، جہلم، گجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، جھنگ اور سرگودھا میں بھی بارش کے امکانات ہیں۔اس کے علاوہ 26سے 28جون کے دوران جنوبی پنجاب کیاضلاع ملتان، ڈیرہ غازی خان اور بہاولنگر میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے، بارشوں کے سلسلے سے گرمی اور ہیٹ ویو کی شدت میں کمی واقع ہو گی۔محکمہ صحت آبپاشی تعمیر و مواصلات لوکل گورنمنٹ اور لائیو سٹاک کو الرٹ جاری کر دیا گیا، شہریوں سے التماس ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، آندھی اور طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔شہری آسمانی بجلی سے تحفظ کے لیے محفوظ مقامات پر رہیں، عوام الناس بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں، ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129پر رابطہ کریں۔دوسری جانب سبی 46ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ گرم ترین شہر رہا جبکہ تربت، جیکب آباد اور دادو میں پارہ 45ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں