جڑانوالہ(نامہ نگار) محکمہ لائیو سٹاک فیصل آباد کی جانب سے تحصیل جڑانوالہ،تاندلیانوالہ میں عید الاضحی کے موقع پر ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی طرف سے قائم شدہ مویشی منڈیوں اور چیک پوسٹوں پر تعینات آفیسرز,پیرا ویٹرنری آفیشلز اور دیگر محکمانہ سٹاف میں اعلی ترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ڈاکٹر قیصر خلیق قریشی ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوںسٹاک فیصل آباد نے تعریفی اسناد تقسیم کیں.تقریب تقسیم تعریفی اسناد کی صدارت ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک فیصل آباد نے کی۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض ڈاکٹر رانا اعجاز احمد خان نے سرانجام دیئے۔ انکے ساتھ ڈاکٹر مقصود عالم ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک تاندلیانوالہ’ ڈاکٹر لیاقت علی خان ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک سمندری اور ڈاکٹر نازش سعید ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک جڑانوالہ نے بھی شرکت کی۔ ڈاکٹر قیصر خلیق نے اپنے خطاب میں تمام سٹاف کی عید الاضحی کے دوران مویشیوں منڈیوں، چیک پوسٹوں اور دیگر ویٹرنری فرائض کی شاندار فراہمی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مثالی خدمات سرانجام دینے کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اسی طرح کی مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔




