سرگودہا (بیوروچیف) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع سرگودہا میں میونسپل کارپوریشن، سرگودہا ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ضلع کونسل کی حدود میں قائم منظور شدہ اور غیر منظور شدہ ہائوسنگ سوسائٹیز کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن رائے محمد یاسر بھٹی، ڈی جی ایس ڈی اے محبوب احمد، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ آصف اقبال ملک، اے ڈی سی آر فہمد محمود، سی ای او ضلع کونسل اسد ہریا اور سی ای او میونسپل کارپوریشن ماجد بن احمد سمیت متعلقہ اداروں کے دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کی قیادت میں ایک ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے گا جس میں میونسپل کارپوریشن، ایس ڈی اے اور ضلع کونسل کے نمائندے شامل ہوں گے۔ یہ گروپ منظور شدہ ہائوسنگ سوسائٹیز کا ازسرنو سروے کرے گا، کنڈونیشن فیس کا جائزہ لے گا اور ان سے وصولی کے لیے مؤثر حکمت عملی مرتب کرے گا۔کمشنر جہانزیب اعوان نے ہدایت کی کہ غیر منظور شدہ ہائوسنگ سوسائٹیز میں خرید و فروخت کی روک تھام کے لیے سخت قانونی اقدامات کیے جائیں، سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ کے ذریعے آگاہی مہم چلائی جائے ۔




