ٹریفک پولیس اورMCFعملی کی آشیر باد،جھمرہ روڈ پر غیر قانونی فروٹ مارکیٹ قائم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) میونسپل کارپوریشن فیصل آباد اور ٹریفک پولیس کی آشیرباد پر جھمرہ روڈ پر عبداﷲ پور سے نشاط آباد تک غیر قانونی فروٹ مارکیٹ قائم ہو گئی، پھل وسبزی فروشوں نے روڈ پر ریڑھیاں لگا کر سڑک بلاک کر دی، جسکی وجہ سے ٹریفک کا جام رہنا معمول بن گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک طرف میونسپل کارپوریشن فیصل آباد شہر بھر میں انکروچمنٹ ختم کرنے کیلئے سرگرم ہے تو دوسری طرف ایم سی ایف عملہ سے ملی بھگت اور مبینہ طور پر نذرانے وصول کر کے جھمرہ روڈ پر عبداﷲ پور سے نشاط آباد تک ریڑھی چھابڑی والوں نے قبضہ کر لیا اور سڑک پر پھلوں اور سبزیوں کی ریڑھیاں لگا کر ٹریفک کو بلاک کر رکھا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ٹریفک پولیس کے ٹریفک وارڈن اکثر روڈ پر ریڑھی چھابڑی والوں کے خلاف روڈ بلاک اور ٹریفک میں خلل ڈالنے کے الزام میں روزانہ مقدمات درج کروا رہے ہیں۔ لیکن ٹریفک وارڈنز نے بھی جھمرہ روڈ پر پھل وسبزی فروشوں کے قبضہ سے ٹریفک بلاک پر مبینہ طور پر چشم پوشی اختیار کر رکھی ہے جبکہ جھمرہ روڈ پر عبداﷲ پور سے نشاط آباد تک جگہ جگہ پھل فروشوں نے ریڑھیاں لگا کر قبضہ کر رکھا ہے۔ بالخصوص صبح اور شام کے اوقات میں جب شہری کام سے فارغ ہو کر گھر جاتے ہیں تو ریڑھی چھابڑی والوں کے روڈ پر قبضہ کی وجہ سے ٹریفک بلاک رہنا روزمرہ کا معمول بن چکا ہے اور اسی دوران لڑائی جھگڑے کے واقعات بھی ہو رہے ہیں۔ شہری حلقوں نے کمشنر فیصل آباد مریم خان’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر’ ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عظمت فردوس اور سی ٹی او فرحان اسلم سے مطالبہ کیا ہے کہ جھمرہ روڈ پر عبداﷲ پور سے نشاط آباد تک اس غیر قانونی فروٹ مارکیٹ کا خاتمہ کیا جائے اور دیگر علاقوں کی طرح جھمرہ روڈ پر عارضی تجاوزات کرنے والے پھل وسبزی فروشوں کے خلاف فوری ایکشن لیتے ہوئے روڈ کو کلیئر کروایا جائے تاکہ جھمرہ روڈ سے منصورآباد’ نشاط آباد’ بھائی والا اور دیگر ملحقہ آبادیوں میں جانے والوں کو آمدورفت میں آسانی ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں