ایرانی پٹرول اور ڈیزل کی ترسیل و فروخت پر مکمل پابندی عائد

کوئٹہ (بیوروچیف) بلوچستان حکومت نے غیر قانونی ایرانی پیٹرول اور ڈیزل کی ترسیل و فروخت پر مکمل پابندی عائد کر دی۔ حکام کے مطابق سیکیورٹی اور معاشی خطرات کے پیش نظر یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔بلوچستان حکومت نے ایرانی تیل کی اسمگلنگ کے خلاف کمر کس لی۔ سرکاری رپورٹ کے مطابق ایران سے بلوچستان کے راستے سالانہ 2ارب 80کروڑ لیٹر پیٹرول اور ڈیزل اسمگل کیا جاتا ہے جس سے قومی خزانے کو نقصان کا تخمینہ تقریباً 227ارب روپے لگایا گیا۔ سیکیورٹی اداروں کی اس مشترکہ رپورٹ کے بعد حکومت نے ایرانی تیل کی غیر قانونی ترسیل روکنے کے لیے موثر اقدامات کیے اور ایران سے ملحقہ 900کلومیٹر طویل سرحد پر نگرانی سخت کر دی ۔اسی سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کوئٹہ نے بھی بھرپور کارروائی کرتے ہوئے شہر بھر میں 600غیر قانونی ایرانی پیٹرول پمپس سیل کر دیے۔دوسری جانب بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن ارکان نے حکومتی فیصلے پر کڑی تنقید کی اور تحفظات کا اظہار کیا جبکہ بلوچستان کی تاجربرادری کا بھی موقف ہے کہ اس پابندی سے صوبے میں بے روزگاری اور غربت میں مزید اضافہ ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں