فیصل آباد( سٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کی ضلعی سیاسی کمیٹی کے صدرشیخ افضال شاہین،سیکرٹری مصوراقبال چیمہ نے شہر بھر کے پارکوںمیںپی ایچ اے کی ناقص کارکردگی پر شدیدتشویش کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ پارکوں کی بدحالی اور ناقص صورتحال ہونے کی وجہ سے شہری تفریحی سرگرمیوں سے محروم ہیں۔ٹوٹے جھولے بچوں کا منہ چڑارہے ہیں جبکہ بچے سڑکوں پر کھیلنے پر مجبور ہیں۔ شہر کو خوبصورت بنانے کیلئے قائم کئے گئے 200سے زائد پارکس تباہی اور بدحالی کا شکار بن چکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پارکوں میں تعینات پی ایچ اے عملے کا بھی ڈیوٹیوں سے غائب رہنا معمول ہے،بہتر نگہداشت نہ ہونے اور بروقت پانی نہ ملنے کی وجہ سے پودے خراب ہو رہے ہیں۔ صوبائی حکومت کی طرف سے متعدد بار فنڈز کے اجرا کے باوجود بھی پارکوں کی صورتحال بہتر نہ بنایا جانا انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔انہوں نے کہاکہ پی ایچ اے کے زیر انتظام چلنے والے 350سے زائد پارکوں میں سے 200 سے زائد پارک ایسے ہیں جہاں نہ تو واک کرنے کیلئے ٹریک موجود ہیں اور نہ ہی پارک میں گھاس اور پودے بہتر حالت میں موجود ہیں۔ پی ایچ اے حکام کی جانب سے تباہ شدہ اور خستہ حال پارکوں کی تعمیرومرمت کیلئے کئے گئے وعدوں کو عملی جامہ نہ پہنایا گیا۔جماعت اسلامی کے راہنمائوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری توجہ دینے کا مطالبہ کیاہے۔




