فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) انڈونیشیا کے سفارتخانے کے چارج ڈی افئیر رحمت ہندیارتا کسوما نے کہا ہے کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان زرعی، تعلیمی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط کیا جائیگا تاکہ دونوں ممالک ایک دوسر ے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکیں اور مشترکہ چیلنجز کا مقابلہ کر سکیں۔اس امر کا اظہار انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے دورہ کے دوران وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی، ڈینز اور ڈائر یکٹر ز سے ملاقات میں کیا اس موقع پر انہوں نے دو نو ں ممالک کے عوام کے درمیان روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا، جس سے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی طلباء انڈونیشیا میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور انڈونیشیا کی جانب سے متعدد تعلیمی وظائف فراہم کیے جا رہے ہیں جن سے پاکستانی طلباء کو بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے ۔ انہوں نے تحقیق کے میدان میں باہمی تعلقات ، فیکلٹی اور طلباء کے تبادلہ پروگرامز کو بھی فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں زرعی یونیورسٹی فیصل آبادکی کاوشوں کو سراہا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ مضبوط تعلقات دونوں ممالک کو دور حا ضر کے چیلنجز سے نمٹنے اور ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے میں مددگار ہوں گے۔




