اسلام آباد (بیوروچیف) وفاقی بیو رو کریسی کیلئے اہم خبر ہے کہ وہ اپنے اثاثوں کے سالا نہ گوشو اروں اور واجبات کا ڈیکلریشن جمع کرانے کیلئے تیار ہوجائیں۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام سروس گروپوں اور وفاقی وزارتوں اور ڈویژنوں کے افسران اور ملازمین کو 30 جون 2025کو ختم ہونے والے ما لی سال کے مالی اثاثوں کے گوشوارے25جولائی تک جمع کرانے کی ڈیڈ لائن دیدی ۔یہ اثاثے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے جاری کردہ فارم پر ڈیکلئر کئے جائیں گے جن میں منقولہ و غیر منقولہ جائیداد بھی ظاہر کرناہوگی ‘ اس ہدایت کی خلاف ورزی کرنے والوں کو بدانتظامی کامرتکب قرار دے کر ان کی ترقی روکنے سمیت سخت کارروائی کا سامنا ہو گا۔ تمام وزارتوں و ڈویژنز کے افسران و اہلکاروں کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی ویب سائیٹ پر دستیاب مطلوبہ فارم پر اپنے اثاثوں کا ڈکلیئریشن 25جولائی تک حتمی طور پر جمع کروانا ہو گا، پولیس سروس آف پاکستان، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، سیکریٹریٹ گروپ آفس، مینجمنٹ گروپ کے افسران کا ریکارڈ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن خود رکھے گا، ان گروپس کے افسران کا ڈکلیئریشن براہ راست ڈویژن کو 25جولائی تک بھیجا جائے گا جبکہ صوبوں میں تعینات ان گروپس کے افسران تاخیر سے بچنے کیلئے ایک کاپی براہ راست ڈویژن کو بھیجیں گے، دیگر تمام گروپس/کیڈرز کا اعلان ان کی متعلقہ وزارت/ڈویژن محفوظ رکھے گی، وزارتوں/ڈویژنز کو پابندی کے ساتھ یہ تصدیق نامہ 25ستمبر 2025 تک اسٹیبلشمنٹ ڈویژن بھیجنا ہو گا، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری آفس میمورنڈم میں واضح کیا گیا ہے کہ اثاثوں کو ظاہر کرنے میں ناکامی یا تاخیر سول سرونٹس (ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن) رولز 2020 کے رول 2 (k) کے تحت “بدانتظامی” (Misconduct) تصور ہو گی۔




