ڈیموں میں پانی کی آمد میں اضافہ

اسلام آباد (بیوروچیف) ملک میں جاری بارش کے سلسلے سے ڈیموں میں پانی کی آمد میں اضافہ ہوگیا ہے، اسلام آباد میں راول ڈیم اور سملی ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہوگئی ہے جس کے باعث واسا نے الرٹ جاری کردیا ہے، جبکہ تربیلا ڈیم میں بھی پانی کی سطح مسلسل بلند ہورہی ہے۔محکمہ موسمیات اورایم ڈی واسا کے مطابق گزشتہ شپ اسلام آباد کے سیکٹر ایچ-8 میں سب سے زیادہ 66ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ شمس آباد میں 59ملی میٹربارش ہوئی۔تیز بارشوں کے باعث راول ڈیم اور سملی ڈیم میں پانی کی آمد میں اضافہ ہوا ہے، راول ڈیم میں پانی کی مکمل گنجائش 1752 فٹ ہے جبکہ موجودہ سطح 1735.5 فٹ تک پہنچ چکی ہے، دوسری جانب سملی ڈیم کی گنجائش 2315فٹ ہے اور پانی کی سطح اس وقت 2247.55فٹ ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پرپانی کی سطح ساڑھے 12فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر 6.5 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے، حکام نے نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ترجمان تربیلا ڈیم کے مطابق پانی کی سطح ڈیڈ لیول سے 96فٹ بلند ہوکر 1498.65فٹ تک پہنچ گئی ہے جبکہ پانی کی آمد 2لاکھ 93ہزار کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔تربیلا ڈیم سے پانی کا اخراج اس وقت 1لاکھ 50ہزار کیوسک ہے، جوآبپاشی اورتوانائی کی ضروریات کے مطابق جاری رکھا جارہا ہے، ڈیم کے تمام 17 پیداواری یونٹ فعال ہیں اوران سے مجموعی طور پر 2613میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے،جو نیشنل گرڈ کو فراہم کی جارہی ہے۔حکام کے مطابق پانی کی موجودہ صورتحال تسلی بخش ہے اور بجلی کی پیداوار میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں