پٹرول ،ڈیزل کے نرخ بڑھتے ہی ٹرانسپورٹ کرایوں اور مہنگائی میں ہوشربااضافہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) حکومت پنجاب کی جانب سے نئے مالی سال کے پہلے روز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے پر ٹرانسپورٹ مافیا نے بھی کرایوں کی مد میں ہوشربا اضافہ کر دیا، مسافروں اور کنڈیکٹروں کے مابین لڑائی جھگڑے’ ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ٹریفک پولیس نے چپ سادھ لی’ پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کے بعد حکومت پنجاب کی طرف سے نئے نرخ نامہ جاری نہ ہو سکے۔ تفصیل کے مطابق حکومت پاکستان کی طرف سے نئے مالی سال کے پہلے روز پٹرول کی قیمت میں 8.36روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 10روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا، جسکی وجہ سے ٹرانسپوٹروں نے دوسرے شہروں کو جانے والی گاڑیوں کے کرایوں میں 40سے 60روپے تک اضافہ کر دیا، جبکہ شہر میں رکشہ’ ٹیکسی’ چنگ چی رکشہ والوں نے بھی روٹ کے مطابق کرایوں میں اضافہ کر دیا، گڈز ٹرانسپورٹ کمپنیاں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے من مانے کرائے وصول کرنے لگیں۔ ملک کے تیسرے بڑے شہر میں سرکاری ٹرانسپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے مسافروں اور کنڈیکٹروں میں لڑائی جھگڑے ہونے لگے اور پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کرنے پر حکومت کو کوسنے لگے، شہری پہلے ہی مہنگائی کی وجہ سے پریشان ہیں۔ روزمرہ اشیاء خوردونوش میں اضافہ کے باعث دو وقت کی روٹی سے تنگ آ کر خودکشیاں کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔ شہری حلقوں نے وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف’ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو پانے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں اور پٹرولیم کی مصنوعات میں اضافہ واپس لیا جائے اور مہنگائی کرنے کے مؤثر اقدامات کئے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں