پاکستان شاہینز لگاتار تیسرے سال ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں حصہ لینگے

راولپنڈی (سپورٹس نیوز) پاکستان شاہینز کی ٹیم ایک بار پھر آسٹریلیا کے شہر ڈارون کا رخ کرے گی جہاں وہ مسلسل تیسری مرتبہ ٹاپ اینڈ ٹی 20سیریز میں شرکت کرے گی۔ یہ بین الاقوامی ٹورنامنٹ 14اگست سے 24اگست 2025 تک جاری رہے گا جس میں دنیا بھر سے 11ٹیمیں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گی۔ پاکستان شاہینز کا پہلا میچ 14اگست کو بنگلہ دیش اے کے خلاف شیڈول ہے۔اس ایونٹ کو نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک قیمتی تجربہ قرار دیا جا رہا ہے جہاں انہیں عالمی معیار کی ٹیموں کے خلاف کھیلنے کا موقع ملے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید نے اس حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں فخر ہے کہ پاکستان شاہینز مسلسل تیسری مرتبہ اس ایونٹ میں حصہ لے رہی ہے۔ یہ ٹورنامنٹ ہمارے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور خود کو منوانے کا بہترین پلیٹ فارم ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ناردرن ٹیریٹری کرکٹ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس ایونٹ کو ہر سال پیشہ ورانہ انداز میں منعقد کیا اور ہماری میزبانی کی۔ یاد رہے کہ پاکستان شاہینز نے 2023 میں اس ایونٹ کے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی جب کہ 2024 میں ٹیم سیمی فائنل تک پہنچی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں