FDAکا بجٹ ،مجوزہ اعدادو شمار کا جائزہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر نئے مالی سال کی بجٹ تجاویز کی تیاریاں آخری مرحلہ میں پہنچ گئیں ہیں اس سلسلے میں بجٹ کے مجوزہ اعدادوشمار کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج ، ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسما محسن ، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس حمیرا اشرف، ڈپٹی ڈائریکٹر کچی آبادی افضال انصاری ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ریکوری میاں اختر ودیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران بجٹ تجاویز میں آمدن و اخراجات کی تجاویز کا جائزہ لیا گیا اور اس امر کا اظہار کیا گیا کہ ادارہ کا مالی استحکام ترجیحات میں شامل ہے جس کے ریونیو میں اضافہ ناگزیر ہے لہٰذا نئے بزنس ماڈلز کی پلاننگ کے لئے محکمانہ اقدامات پر خصوصی توجہ مرکوز ہونی چاہیئے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ غیر ترقیاتی اخراجات میں خاطر خواہ کمی کے اقدامات بجٹ تجاویز میں شامل کئے جا رہے ہیں جبکہ شہری ترقی اور عوامی بہبود کے منصوبوں کومقدم رکھا گیا ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے شعبوں میں ذرائع آمدن میں اضافہ کرنے کے لئے مزید قابل عمل تجاویز مرتب کریں اس سلسلے میں تمام اہداف کو زمینی حقائق کے مطابق رکھا جائے تاکہ بجٹ میں کسی خسارے کا احتمال نہ رہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ ادارہ کی سروسز میں جدت کے لئے اصلاحات پر کماحقہ عملدرآمد کے لئے تجویز کردہ اقدامات کو دستیاب فنڈز میں آگے بڑھائیں گے ۔ اے ڈی جی نے اس عزم کا اظہار کیاکہ نئے مالی سال کا بجٹ شاندار ترقیاتی روایات کا آئینہ دار ہوگا اس سلسلے میں ریونیو میں اضافہ کے لئے مقررہ اہداف کے حصول کے لئے مانیٹرنگ سسٹم فعال رہے گا جبکہ اخراجات کو معقول حد تک کمی لانے کے لئے تجاویز کو کامیاب بنائیں گے۔ اجلاس کے دوران مختلف شعبوں کے انچارج افسران نے بجٹ تجاویز اور ان کے قابل عمل بنانے سے متعلق مختلف اقدامات سے آگاہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں