طبی سہولتوں کا جائزہ لینے عابد شیر علی FICپہنچ گئے

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما ، سابق وزیر مملکت پانی و بجلی اور انچارج مانیٹرنگ ایف آئی سی چوہدری عابد شیر علی نے فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا، مریضوں کی تیمار داری کی اور علاج معالجہ کی بہتر سہولیات کی یقین دہانی کرائی، تفصیلات کے مطابق سابق وزیر مملکت پانی و بجلی اور انچارج مانیٹرنگ عابد شیر علی گذشتہ روز اچانک ایف آئی سی پہنچ گئے انہوں نے ایمرجنسی اور دیگر وارڈز کا دورہ کیا اور زیر علاج مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے ان کی خیریت دریافت کی اور ہسپتال میں دستیاب طبی سہولیات اور علاج معالجہ کے حوالے سے دریافت کیا اس موقع پر ایم ایس ایف آئی سی ڈاکٹر رانا ندیم اختر بھی موجود تھے، عابد شیر علی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تمام ہسپتالوں میں تمام مریضوں کو یکساں اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے، انہوں نے ایم ایس ڈاکٹر رانا ندیم اختر کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں دل کے مریضوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ ہر مریض کو مطمئن ہونا چاہیے۔کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں