پاکستان پوسٹ کے4ارب کے خلاف ضابطہ اخراجات

اسلام آباد(بیوروچیف) پبلک اکائونٹس کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان پوسٹ کی جانب سے 4ارب روپے کے خلاف ضابطہ اخراجات کا انکشاف ہوا ہے۔چیئرمین پی اے سی جنید اکبر خان کی زیر صدارت پبلک اکائونٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس دوران وزارت مواصلات کی آڈٹ رپورٹ 2023-24 پر غور کیا گیا۔ آڈٹ حکام نے اجلاس کے دوران پاکستان پوسٹ کی جانب سے4ارب روپے کے خلاف ضابطہ اخراجات کا انکشاف کیا ۔آڈٹ حکام کے مطابق پاکستان پوسٹ نے مختلف مد میں حاصل رقم خزانے میں جمع کروانے کی بجائے خرچ کی اور پاکستان پوسٹ کے 37ڈاک خانوں میں خلاف ضابطہ اخراجات کیے گئے۔ آڈٹ حکام نے بتایا کہ پاکستان پوسٹ نے رقم سے منی آرڈرز اور ویسٹرن یونین کی ادائیگی کی، یہ غلط بیانی کر رہے ہیں، مختلف ڈاک خانوں میں اب بھی یہی کام ہو رہا ہے۔اس پر سیکریٹری مواصلات نے بتایا کہ ادائیگیوں کا موثر نظام نہ ہونے کے باعث یہ اقدام اٹھانا پڑا، پہلے 3، 4ماہ میں مشکلات آئیں تاہم اب نظام ٹھیک ہو چکا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں