دیت کی کم از کم مالیت2کلو سونا مقرر کرنے پر غور

اسلام آباد ( بیو رو چیف )سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف نے ایک بل پر غور شروع کر دیا ہے، جس میں دیت کی کم از کم رقم کو 30 ہزار 630 گرام چاندی کے بجائے 2 کلوگرام سونا مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے ایک بل پر غور کیا جس میں دیت کے قانون میں ترمیم کی تجویز دی گئی ہے، جس کے تحت دیت کی کم از کم رقم کو 2 کلوگرام سونے کے برابر مقرر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔سینیٹر فاروق ایچ نائیک کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف نے پاکستان پینل کوڈ (ترمیمی) بل 2025 پر غور کیا، جو سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے پیش کیا تھا۔پیش کردہ ترمیم کے مطابق پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 323 میں یہ تجویز دی گئی ہے کہ دیت کی کم از کم رقم کو 30 ہزار 630 گرام چاندی کے بجائے 2 ہزار گرام سونا یا مجرم کی جائیداد کے ایک چوتھائی حصے سے تبدیل کر دیا جائے۔بل میں دفعہ 330 میں بھی ترمیم کی تجویز زیر غور ہے، جس میں ایک نیا اضافہ اور وضاحت شامل کی گئی ہے، جب کہ دفعہ 331 میں بھی ترمیم کی تجویز دی گئی ہے، جس کے تحت اقساط میں دیت کی ادائیگی کی مدت کو پانچ سال سے کم کرکے ایک سال کر دیا جائے گا۔تاہم، جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے اس بل کی مخالفت کی اور کہا کہ چاندی کی بنیاد پر دیت کی ادائیگی اسلامی پس منظر رکھتی ہے اور اسے سونے میں تبدیل کرنا کوئی مسئلہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ 30 ہزار 630 گرام چاندی کی مالیت صرف ایک کم از کم حد ہے اور مقتول کے ورثا اس سے زیادہ کا مطالبہ بھی کر سکتے ہیں اور صلح کے لیے رقم قبول یا مسترد کرنے کا اختیار رکھتے ہیں۔اسلامی نظریاتی کونسل(سی آئی آئی)کے چیئرمین نے بھی بل کی تمام مجوزہ ترامیم کی مخالفت کی، تاہم انہوں نے کہا کہ کونسل کا حتمی موقف آئندہ اجلاس کے بعد دیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں