فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) دو مبینہ پولیس مقابلوں میں ڈرگ ڈیلر سمیت دو ڈاکو ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی حالت میں گرفتار جبکہ ان کے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، پولیس نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر کے اس کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ تفصیل کے مطابق ایس ایچ او تھانہ سرگودھا روڈ رضوان جاوید نے بتایا کہ مکھو موڑ کے قریب مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، مقابلہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی، فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا جسکی شناخت فرہاد خان ولد محمد ایوب سکنہ نیو گرین ٹائون کے نام سے ہوئی جو کہ ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو 15 سے زائد مقدمات میں مطلوب تھا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔ دوسرا مقابلہ تھانہ صدر کے علاقہ 219 رب نیٹھری روڈ پر ہوا جہاں پر تھانہ صدر کے ایس ایچ او محمد علی نے مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ پولیس نے فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا جس کی شناخت سہیل آفتاب ولد آفتاب سکنہ علی ٹائون کے نام سے ہوئی، اس کے قبضہ سے منشیات بھی برآمد ہوئی جو کہ ریکارڈیافتہ اور منشیات فروشی کے متعدد مقدمات میں ملوث تھا جبکہ اس کے دو ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے۔




