افغان باشندوں کو غیر قانونی ویزوں کا اجرائ،وزارت داخلہ و خارجہ اہلکار ملوث نکلے

اسلام آباد (بیوروچیف) افغان باشندوں کو غیرقانونی ویزوں کے اجرا میں وزارت داخلہ و خارجہ کے اہلکار ملوث نکلے۔وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے افغان باشندوں کو غیرقانونی ای ویزوں کے اجرا کے اسکینڈل میں مزید دو افراد کو گرفتار کرلیا ۔ گرفتار شدگان میں ایک سرکاری ملازم بھی شامل ہے۔ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے افغان شہریو ں کو غیرقانونی ای ویزے جاری کرنے کے اسکینڈل میں مزید جن دو ملزمان کو گرفتار کیا ہے ان میں نادر رحیم اور عزیز اللہ آفریدی شامل ہیں، مجموعی طور پر اس کیس میں گرفتار ملزمان کی تعداد 4 ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق نادر رحیم سرکاری ادار ے پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ میں ملازم ہے جبکہ عزیز اللہ آفریدی کا بینک اکائونٹ افغان باشندوں سے لین دین کے لیے استعمال ہو رہا تھا۔اس سے قبل غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندے عاطف اور احمد زیب کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ ای ویزوں کے غیرقانونی اجرا میں وزارت خارجہ کا اہلکار سمیع اللہ آفریدی اور ایک ایجنٹ ملک منیب بھی ملوث ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں