فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) نوسرباز نے خود کو مالک مکان ظاہر کر کے سادہ لوح شہری سے لاکھوں روپے بٹور لئے’ رجسٹری کروانے کا کہا تو لیت ولعل کے بعد انکاری ہو گیا، روشن والا پولیس نے دھوکہ دہی’ فراڈ اور جعلسازی کے الزام میں مقدمہ درج کر کے ملزمان آصف وغیرہ کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق 243رب کے محمد انس نے پولیس کو دی جانے والی درخواست میں بتایا کہ اس نے واقف کار ملزم آصف سے مکان خریدنے کا ارادہ ظاہر کیا تو اس نے ایک مکان دکھایا اور خود کو اس مکان کا مالک ظاہر کرتے ہوئے لاکھوں روپے حاصل کئے، بعدازاں حسب معاہدہ مکان کی رجسٹری کروانے کا کہا تو وہ لیت ولعل کے بعد انکاری ہو گیا، پتہ کرنے پر معلوم ہوا کہ وہ اس کا مکان ہی نہیں تھا، جس پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔




