ڈپٹی چیف آفیسر MCFعظمت فردوس ان ایکشن،دوبارہ تجاوزات کرنیوالوں کو بھاری جرمانے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن’ کمشنر فیصل آباد مریم خان’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد عظمت فردوس نے اینٹی انکروچمنٹ عملہ کے ہمراہ ڈھیرہ سائیں قبرستان اور محلہ عثمان غنی میں دوبارہ تجاوزات کرنے پر دکانداروں کو 52ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا جبکہ 8بازاروں سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں تجاوزات کرنے والوں کے خلاف ایکشن، دکانوں کے باہر پڑا ہوا سامان ضبط کر کے فٹ پاتھ پیدل چلنے والوں کیلئے خالی کروا دیئے اور میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کی طرف سے 19جولائی تک شہر میں گرینڈ آپریشن کا شیڈول جاری کر دیا گیا، گزشتہ روز وارث پورہ’ ہلال روڈ’ بٹالہ کالونی اور دیگر ملحقہ گلیوں کا وزٹ کرتے ہوئے عارضی تجاوزات کو ختم کروا دیا اور کچہری بازار میں پختہ تجاوزات کے خاتمہ کیلئے بازار کی پیمائش کا عمل شروع کر دیا، جس دکان کا پلر’ تھڑا باہر ہو گا اسکو مسمار کر دیا جائے گا۔ ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عظمت فردوس شیڈول کے مطابق 14جولائی کو سمندری روڈ’ ڈجکوٹ روڈ پر تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن ہو گا، کسی کو بھی دوبارہ تجاوزات کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔ اسکے ساتھ ساتھ کچہری بازار’ چنیوٹ بازار گردوارہ گلی کا وزٹ کیا جائے گا۔ 15جولائی کو لنک روڈ’ گلفشاں کالونی’ شاداب موڑ تک تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا۔ اس کیساتھ ساتھ کچہری بازار’ امین پور بازار’ پریس مارکیٹ’ پرانی لکڑمنڈی کا دوبارہ وزٹ کر کے تجاوزات کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ 16جولائی کو شیخوپورہ روڈ’ ملت روڈ پر اینٹی انکروچمنٹ کا عملہ کارروائی کریگا، اس کیساتھ ساتھ گول لکڑوالا’ گول صابن والا’ جھنگ بازار’ بھوآنہ بازار’ گردوارہ گلی اور کچہری بازار میں بھی عارضی’ پختہ تجاوزات کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔ 17جولائی کو ڈائیوو روڈ’ سرگودھا روڈ اور بلال گنج میں تجاوزات کا صفایا کیا جائے گا، اس کے ساتھ ساتھ جھنگ بازار’ کارخانہ بازار’ گول مکی مارکیٹ’ مندر گلی’ ریلبازار’ گول کپڑا والا میں وزٹ کر کے دوبارہ تجاوزات کرنے والوں کے خلاف آپریشن کیا جائے گا۔ 18جولائی کو اینٹی انکروچمنٹ کا عملہ نڑوالا روڈ’ رضاآباد میں پختہ وعارضی تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا، اس کے ساتھ ساتھ 8بازاروں سے ملحقہ ریگل روڈ’ نیو انار کلی گلی نمبر11، 17، 15 سے تجاوزات کا خاتمہ شامل ہے۔ 19جولائی کو ستیانہ روڈ’ جڑانوالہ روڈ پر تجاوزات کرنے والوں کیخلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی جبکہ کچہری بازار تا چنیوٹ بازار اور گول کپڑا مارکیٹ میں تجاوزات کا خاتمہ کروایا جائے گا۔ ڈپٹی چیف آفیسر عظمت فردوس نے کہا کہ تاجر اور شہری مارکیٹوں’ بازاروں’ گھروں کے باہر سے ازخود پختہ وعارضی تجاوزات کو ختم کر دیں، مارکیٹوں میں فٹ پاتھ کو خالی رکھیں، دکاندار اپنا سامان دکانوں کے اندر رکھیں، اگر کسی نے سامان دکان کے باہر رکھا تو وہ ضبط کر لیا جائے گا اور اس کے ساتھ بھاری جرمانہ بھی ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں