کوئٹہ: برف خانے کا ورکر 17ویں گریڈ کا افسر

کوئٹہ (بیوروچیف) سخت محنت، بلند حوصلے اور مسلسل جدوجہد کی ایک حقیقی مثال بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے سامنے آئی ہے۔ کوئٹہ میں برف جمانے والے کارخانے میں کام کرنے والے ایک محنت کش عبدالرحمن نے پبلک سروس کمیشن کا امتحان پاس کرکے 17گریڈ کے افسر بننے کا خواب سچ کر دکھایا۔ 35سالہ عبدالرحمن جن کا تعلق متوسط طبقے سے ہے، روزی کمانے کے لیے برف فیکٹری میں کام کرتے تھے۔ دن بھر کی محنت کے بعد وہ آرام کرنے کے بجائے کتابوں کا سہارا لیتے، تاکہ اپنے خوابوں کی تعبیر حاصل کر سکیں۔ تین مرتبہ کی کوششوں کے بعد آخرکار وہ بلوچستان پبلک سروس کمیشن کا امتحان پاس کرنے میں کامیاب ہوئے ۔عبدالرحمن محکمہ ثقافت، سیاحت و آرکائیوز میں 17گریڈ کے فیلڈ آرکیالوجسٹ کے طور پر منتخب ہو گئے۔عبدالرحمن کا کہنا ہے کہ نہ کوئی سفارش تھی نہ دولت، صرف حوصلہ، دعا اور محنت میری اصل طاقت تھی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ برف خانے کی فراغت کے لمحات میں بھی پڑھائی ترک نہیں کرتے تھے کیونکہ وہ جانتے تھے کہ ان کا اصل سرمایہ ان کی تعلیم ہے۔ان کی یہ داستان ان نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہے جو مایوسی، ناکامی یا وسائل کی کمی کو اپنی منزل کے راستے میں رکاوٹ سمجھتے ہیں۔ عبدالرحمن نے ثابت کر دیا کہ اگر ارادے مضبوط ہوں تو کوئی بھی خواب شرمند تعبیر ہو سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں