ضلع چنیوٹ میں بوسیدہ خطرناک عمارتوں کا فوری سروے کا فیصلہ

چنیوٹ(نامہ نگار)وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایات پرضلعی انتظامیہ چنیوٹ نے موجودہ موسم برسات میں ہنگامی اقدام کرتے ہوئے بوسیدہ وخطرناک عمارتوں کا فوری جامع سروے کا فیصلہ کیا ہے اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں اتوار 13 جولائی کو میونسپل کمیٹیز کے متعلقہ افسران کی چھٹی منسوخ کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے خالی بوسیدہ وخطرناک عمارتوں کوفی الفور مسمار کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ انفورسمنٹ ٹیمیں مشینری لے کر فیلڈ میں نکلیں۔انہوں نے کہا کہ خطرناک عمارتوں میں مقیم افراد کومحفوظ مقام پر منتقل ہونے کا واضح پیغام دیں اورعدم تعمیل پر عمارت کو سیل کردیا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ دوران سروے مرمت طلب عمارات پر کل شام تک مالکان کی طرف سے مرمتی کام شروع ہونا چاہیے بصورت دیگر ایکشن لیں جبکہ عمارات کے اندرونی سروے کے دوران خواتین سٹاف بھی تعینات کریں اوراسسٹنٹ کمشنرز تمام عمل کی خود نگرانی کریں۔انہوں نے کہا کہ سوموار کی شام تک جامع رپورٹ/سرٹیفیکیٹ ڈی سی آفس کو فراہم کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ممکنہ شدید بارشوں کے باعث خطرناک وبوسیدہ عمارتوں کے گرنے اور انسانی جانوں کے ضیاع کا خطرہ ہوسکتا ہے لہذاایسی پراپرٹیز کے حامل عوام الناس ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں کیونکہ آپ کا تعاون تحفظ کا ضامن ہے۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز،چیف آفیسرز میونسپل کمیٹیز موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں