فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف آئی اے سائبر کرائم کی طرف سے ملکی تاریخ کے بڑے آن لائن فراڈ کیس میں ملوث ملزمان کو 5روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد آج دوبارہ سینئر سول جج ملک اشفاق کی عدالت میں مرحلہ وار پیش کیا گیا۔ فاضل عدالت نے متعدد ملزمان کو جوڈیشل جبکہ کئی ایک ملزمان کا دوبارہ 3روزہ ریمانڈ دیکر سائبر کرائم ایجنسی کے حوالے کر دیا۔ یاد رہے کہ نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی اور حساس اداروں نے 8جولائی 2025ء کو سابق چیئرمین فیسکو ملک تحسین اعوان کے ڈیرہ پر چھاپہ مار کر ملکی وغیر ملکی 149افراد کو حراست میں لیکر مالیاتی سکینڈل میں ملوث کمپیوٹرز’ انسٹالشنز ہارڈ ‘ لیپ ٹاپس اور دیگر سامان قبضہ میں لیکر 7الگ الگ مقدمات درج کئے تھے، تاہم مرکزی ملزم سابق چیئرمین فیسکو ملک تحسین اعوان نے عدالت سے 19جولائی تک عبوری ضمانت کروا رکھی ہے۔




