حکومتی دعوئوں کے باوجود مہنگائی آئوٹ آف کنٹرول ہو چکی

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر ) سینئر سیاستدان رانا زاہد توصیف نے کہا ہے کہ حکومتی دعووں کے باوجود مہنگائی آئوٹ آف کنٹرول ہو چکی ہے۔ جبکہ اوپن مارکیٹ میں چینی کی قیمت 200 روپے فی کلوگرام حکمرانوں کے لیے کھلا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ مافیا کو نوازنے کے لیے بغیر کسی حکمت عملی کے چینی برآمد کی گئی۔ حالانکہ اس وقت ریٹ 140روپے فی کلو گرام تھا۔ اب وزارت خوراک کی جانب سے قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے پانچ لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ پاکستانی قوم کے ساتھ سنگین مذاق کے مترادف ہے۔رانا زاہد توصیف نے کہا کہ گذشتہ دور میں جہانگیر ترین بانی پی ٹی آئی کے قریبی ساتھی تھے مگر چینی سکینڈل میں ان کے خلاف بھی ایکشن لیا گیا تھا۔ اگر اب حکومت چینی درآمد کر کے قومی خزانہ سے سب سبٹسڈی بھی دیتی ہے تو اس کا بوجھ بھی بلواسطہ یا بلاواسطہ عوام پر ہی پڑے گا۔ چینی کی قیمت میں بتدریج اضافہ کے باوجود حکومت اور متعلقہ اداروں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔ حکومت کی نااہلی اور مافیا کو نوازنے کی پالیسی سے غریب آدمی پس کر رہ گیا ہے۔ کم آمدنی والے طبقہ کے لیے بجلی گیس کے بھاری بلوں کی ادائیگی مشکل ہو چکی ہے۔ رہی سہی کسر پٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں اضافہ نے پوری کر دی ہے۔ دوسری جانب انڈسٹری بند ہو رہی ہے۔ صنعت کار اور تاجر بھی سراپا احتجاج ہیں۔ لہذا حکومت کو غفلت کا مظاہرہ کرنے کی بجائے قومی مفاد میں فوری فیصلے کرنا ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں