ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) شہر کے مصروف ترین تجارتی مرکز چوڑی بازار میں جاری تعمیراتی منصوبہ طویل عرصہ گزرنے کے باوجود مکمل نہ ہو سکا، جسکے باعث بازار کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے۔ ٹوٹی پھوٹی سڑکیں، ادھورا تعمیراتی کام، جگہ جگہ مٹی، گردوغبار اور تعمیراتی ملبہ دکانداروں اور خریداروں کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن گیا ہے۔دکانداروں کے مطابق تعمیراتی کام کی غیر معمولی سست رفتاری سے کاروبار بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ خریدار خراب راستوں اور دشوار حالات کے باعث بازار آنے سے گریز کر رہے ہیں، جس سے کاروباری سرگرمیوں میں نمایاں کمی آ گئی ہے۔ بزرگ افراد، خواتین، بچوں اور پیدل چلنے والوں کو آمدورفت میں شدید دشواری کا سامنا ہے جبکہ موٹر سائیکل سوار بھی حادثات کے خدشات سے دوچار ہیں۔شہریوں نے صفائی کی ناقص صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بازار میں مٹی، گردوغبار اور تعمیراتی ملبہ جمع ہونے سے ماحول آلودہ ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق نکاسی آب اور روزانہ صفائی کے مناسب انتظامات نہ ہونے کے باعث عوام اور تاجر دونوں مشکلات کا شکار ہیں۔سماجی و تجارتی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ، متعلقہ اداروں اور ٹھیکیدار سے مطالبہ کیا ہے کہ تعمیراتی کام کی رفتار تیز کرتے ہوئے منصوبہ جلد مکمل کیا جائے اور صفائی ستھرائی کے مثر انتظامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو ریلیف مل سکے اور تجارتی سرگرمیاں دوبارہ معمول پر آ سکیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر منصوبہ بروقت مکمل نہ ہوا تو دکانداروں کے معاشی مسائل مزید بڑھ جائیں گے اور عوام کو روزمرہ خریداری میں بھی مشکلات کا سامنا رہے گا۔




