سرگودہا(بیوروچیف) کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان نے ڈپٹی کمشنر میانوالی خالد جاوید گورائیہ کے ہمراہ تحصیل عیسیٰ خیل اور میانوا لی کے کچہ کے سیلاب سے متاثرہ نشیبی علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے کچہ تری خیل، سی پیک سے ملحقہ علاقے کچہ کمرمشانی اور موضع چھینہ پوڑا میں مقامی افراد سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران کمشنر نے تری خیل شیخانولہ فلڈ ریلیف کیمپ اور نورنگا بوائز ہائی سکول میانوالی میں قائم ریلیف کیمپ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر محکمہ انہار کے افسران نے بریفنگ میں بتایا کہ حالیہ مون سون بارشوں کے نتیجے میں چند نشیبی علاقے زیر آب آئے ہیں، تاہم مین آبادی محفوظ ہے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں کے مکینوں کو مال مویشیوں سمیت محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ریسکیو ٹیمیں امدادی سرگرمیوں کے لیے چوبیس گھنٹے علاقے میں موجود ہیں۔ کمشنر ر جہانزیب اعوان نے موقع پر موجود افسران کو کچہ تری خیل کے حفاظتی بند کو فوری مضبوط بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سی ای او ہیلتھ اور ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک کو ہدایت کی گئی کہ فلڈ ریلیف کیمپس میں ویکسین سمیت تمام ضروری ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر ہمہ وقت الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔




