فیصل آباد میں شدید بارش،چھت گرنے سے4سالہ بچہ جاں بحق

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد سمیت گرد ونواح میں آج پھر تیسرے روز بھی موسلادھار بارش نے جل تھل کر دیا، شہر کی اہم شاہراہوں’ چوراہوں اور نشیبی علاقوں میں بارشی پانی جمع ہو گیا، شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا’ فیسکو کے متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے’ کئی علاقوں میں بجلی غائب ہونے سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہو گیا، محکمہ واسا کا عملہ بارشی پانی نکالنے میں مصروف عمل ہے۔ تفصیل کے مطابق مون سون کا سیزن شروع ہوتے ہی آج مسلسل تیسرے روز آسمان پر بادلوں کے سائے’ صبح سویرے شروع ہونے والی بارش نے جل تھل کر دیا، سمندری روڈ ایل سی ایم سکول’ جڑانوالہ روڈ’ گلستان کالونی’ علامہ اقبال کالونی’ ڈوگر بستی’ غلام محمد آباد سمیت شہر بھر کی شاہراہوں’ چوراہوں اور نشیبی علاقوں میں بارشی پانی جمع، نشیبی علاقوں میں بارشی پانی گھروں میں بھی داخل ہو گیا جبکہ شہریوں کو آمدورفت اور گزرنے میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ جبکہ محکمہ واسا کا عملہ بارش کے دوران متحرک رہا اور شہر کی اہم شاہراہوں اور چوراہوں سے بارشی پانی نکالنے میں مصروف رہا۔ بارش کے دوران فیسکو کے متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے، کئی علاقوں میں بجلی بند ہونے سے کاروبار زندگی بری طرح متاثر رہا جبکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کر دی۔آج صبح جیل روڈ پر 56ملی میٹر’ گلستان کالونی میں 63ملی میٹر’ ڈوگر بستی میں 47′ غلام محمد آباد میں 44 ملی میٹر’ مدینہ ٹائون میں 39ملی میٹر’ علامہ اقبال کالونی میں35ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ کی ہدایت پر آپریشنز سٹاف بارشی پانی کے مکمل اخراج تک فیلڈ میں موجود رہے گا۔ جبکہ شہر بھر کے مین روڈز اور چوکوں سے بارشی پانی کو کلیئر کیا جا رہا ہے۔دریں ثناء ۔ماموں کانجن (نامہ نگار) ماموں کانجن تھانہ گڑھ کے علاقہ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، غریب محنت کش کی مکان کی چھت گرنے سے چار سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔ اطلاعات کے مطابق بتایا گیا ہے کہ ماموں کانجن تھانہ گڑھ کی حددود میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں پر حدود آبادی 53/5 ٹکڑا حافظ عنایت ولایت کے قریب غریب محنت کش کی مکان کی چھت گرنے سے چار سالہ بچہ اللہ دتہ موقع پر جاں بحق ہوگیا، چھت مسلسل بارشوں کے ہونے کے باعث کمزور ہونے سے کمرے میں کھڑے ہوئے بچے کے اوپر گرگئی، جاں بحق ہونے والے بچے کے لواحقین غم سے نڈھال۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں