اسلام آباد (بیوروچیف) دنیا بھر میں ذیابیطس ٹائپ 2کے شکار افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور ایک تخمینے کے مطابق ہر 9میں سے ایک بالغ فرد اس دائمی مرض کا شکار ہے۔ذیابیطس ٹائپ 2کو امراض قلب کا خطرہ بڑھانے والا عنصر بھی قرار دیا جاتا ہے جو دنیا بھر میں اموات کی سب سے بڑی وجہ ہے۔مگر اچھی بات یہ ہے کہ آپ ذیابیطس سے متاثر ہونے کا خطرہ نمایاں حد تک کم کرسکتے ہیں، بس کافی پینا عادت بنالیں۔یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔انٹرنیشنل جرنل آف مالیکیولر سائنسز میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ کافی کے استعمال سے ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔اس تحقیق میں کافی پینے کے اثرات سے متعلق 149تحقیقی رپورٹس کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔ان تحقیقی رپورٹس میں یہ دیکھا گیا تھا کہ کافی پینے سے ان میٹابولک عناصر پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں جن سے ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔تحقیق میں کافی میں موجود 5 hydroxycinnamic ایسڈز پر توجہ مرکوز کی گئی اور دیکھا گیا کہ یہ پولی فینولز کس حد تک چھوٹی آنت، لبلبے، جگر، مسلز اور ٹشوز پر اثرات پر مرتب کرتے ہیں۔نتائج سے معلوم ہوا کہ روزانہ 3سے 5کپ سیاہ کافی کے پینے سے بلڈ شوگر کی سطح کو معمول پر لانے میں مدد ملتی ہے، جسمانی ورم گھٹ جاتا ہے، انسولین کی حساسیت بڑھتی ہے اور گلوکوز میٹابولزم کا عمل بہتر ہوتا ہے۔تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کیفین یا بغیر کیفین والی دونوں اقسام کی کافی سے یہ فائدہ ہوتا ہے۔تحقیق کے مطابق کافی پینے کے عادی افراد میں ذیابیطس ٹائپ 2سے متاثر ہونے کا خطرہ 20سے 30فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔ محققین کے مطابق اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے مگر روزانہ کافی پینے کے فوائد واضح ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کافی میں ایسے حیاتیاتی مرکبات موجود ہوتے ہیں جو ذیابیطس سے تحفظ یا اسے کنٹرول میں رکھنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔اس سے قبل جون 2025 میں امریکا کی ٹفٹس یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ کافی پینے کی عادت سے کسی بھی وجہ سے قبل از وقت موت کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔تحقیق کے مطابق روزانہ ایک سے 3 کپ کافی پینے سے کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ گھٹ جاتا ہے، خاص طور پر دل کی شریانوں کے امراض سے موت کا خطرہ کم ہوتا ہے۔مگر ایسا اسی وقت ممکن ہوتا ہے جب آپ کافی میں چینی اور دودھ یا کریم شامل نہ کریں۔تحقیق کے مطابق بہت کم چینی والی بلیک کافی پینے سے کسی بھی وجہ سے قبل از وقت موت کا خطرہ 14 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔مگر جب کافی میں چینی کی زیادہ مقدار اور دودھ یا کریم کو شامل کیا جاتا ہے، تو پھر صحت کو یہ فائدہ نہیں ہوتا۔




