بارش میں کرنٹ لگنے ،چھتیں گرنے سے میاں بیٹا،میاں بیوی سمیت21افراد جاں بحق

لاہور /اسلام آباد /اوکاڑہ /بھکر /چشتیاں (نمائندگان) موسلا دھاربارشوں سے تباہی، مختلف حادثات اور واقعات میں 15افراد جاں بحق جبکہ 12زخمی ہوگئے۔بارش کے باعث لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ کے گائوں مرید وال میں گھر کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 5افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 2افراد زخمی ہوئے، جاں بحق افراد میں 60سالہ مانگا، 55سالہ عشرت، 3سالہ خدیجہ، 4سالہ لطیفہ اور 35سالہ رانی، جبکہ زخمیوں میں 30سالہ فیصل اور 5سالہ ببلی شامل ہیں۔رائیونڈ کے علاقے مشن کالونی میں مکان کی چھت گرنے سے 3افراد جان کی بازی ہار گئے، ایک شخص کو زندہ نکال لیا گیا، جبکہ ہربنس پورہ میں کرنٹ لگنے سے 2بچے دم توڑ گئے۔ رینالہ خورد میں بھی کرنٹ لگنے سے 2افراد جان کی بازی ہارگئے، چشتیاں میں مکان کی چھت گر گئی، ملبے تلے دب کر ماں بیٹا زخمی ہوگئے، پاکپتن میں بھی مکان کی چھت گرنے سے 3افراد زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حویلی لکھا اور اوکاڑہ میں چھتیں گرنے سے 2 افراد جان سے چلے گئے، جامشورو میں بارش کے باعث خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے 3 افراد زخمی ہوگئے۔ بھکر کے علاقے جہان خان میں چھت گرنے سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مزید موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، مون سون کا یہ سپیل 17جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، اس حوالے سے این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کے جاں بحق ہونے پر دکھ کا اظہار کیا اور سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کیا ہے۔دریں ثناء ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) گزشتہ شب ہونے والی شدید اور موسلادھار بارش کے دوران فیصل آباد میں گھروں کی چھتیں گرنے کے 23 واقعات میں ملبے تلے دب کر میاں بیوی’ ماں بیٹا سمیت 6افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 36افراد بری طرح زخمی ہو گئے، ریسکیو1122 کی ٹیموں نے بروقت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے نعشیں ورثاء کے حوالے کر کے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ شب ہونے والی مسلسل بارش کے دوران ستیانہ روڈ پر رچنا ٹائون میں چوہدری ادریس کی مویشی کی ڈھاری کے خستہ حال کمرہ کی چھت گرنے سے مویشیوں کی دیکھ بھال کیلئے رہائش پذیر 386 گ ب ہریانہ جھامرہ کا رہائشی 50سالہ شہامند’ اسکی اہلیہ 40سالہ اہلیہ ریاض بی بی ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئے جبکہ ان کے تین بچے زخمی ہو گئے۔ تھانہ صدر کے علاقہ 215 رب میں اﷲ دتہ کے گھر کی خستہ حال چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر اسکی 45سالہ اہلیہ نسرین بی بی اور 14سالہ بیٹا عدیل ملبے تلے دب کر زندگی کی بازی ہار گئے۔ جبکہ جڑانوالہ کے علاقہ 375گ ب جنڈوال میں بارش کے دوران بوسیدہ گھر کی خستہ خال چھت زمین بوس ہونے سے ملبے تلے دب کر شمیم بی بی زوجہ شاہد اقبال زندگی کی بازی ہار گئی جبکہ کمرہ میں موجود 50سالہ خدیجہ بی بی’ 40سالہ ابرار’ 10سالہ علی’ 4سالہ لاڈی’ 25سالہ بشریٰ بی بی اور 25سالہ جاوید بری طرح زخمی ہو گئے۔ علاوہ ازیں جڑانوالہ کے علاقہ 534گ ب میں بشیر احمد کے گھر کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر اس کی تین بیٹیاں 25سالہ سمیرا’ 17سالہ سویرا اور 14سالہ حمیرا بری طرح زخمی ہو گئیں۔ دیگر واقعات میں بھی چھتیں گرنے کے دیگر واقعات میں بھی متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو1122 کی ٹیموں نے بروقت موقع پر پہنچ کر نعشوں کو ملبے سے نکال کر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا۔ یاد رہے کہ آج چوتھے روز بھی رات سے شروع ہونے والی مسلسل بارش کے باعث مین شاہراہیں’ چوک اور نشیبی علاقے جوہڑ کا منظر پیش کرنے لگے۔ فیسکو کے درجنوں فیڈر ٹریپ ہونے سے متعدد علاقوں کی بجلی بند’ شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ شب ہونے والی مسلسل بارش گلستان کالونی میں 69ملی میٹر’ جیل روڈ پر 65ملی میٹر’ علامہ اقبال کالونی میں 62ملی میٹر’ غلام محمد آباد میں 61ملی میٹر’ مدینہ ٹائون میں 62ملی میٹر اور ڈوگر بستی میں 51ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں