واسا نادہندگان کیخلاف قانونی کارروائی کے احکامات

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر نادہندگان سے بقایا جات کی وصولی کی مہم کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند نے ایک اجلاس کے دوران ریکوری مہم کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور اہداف کے حصول کے لئے مقرر کردہ اقدامات پر عملدرآمد کی جانچ پڑتال کی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسما محسن، ڈائریکٹرز اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، سہیل مقصود پنوں، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس حمیرا اشرف، اسٹنٹ ڈائریکٹر ریکوری میاں اختر و دیگر افسران نے شرکت کی۔ اے ڈی اے نے کہا کہ ادارہ کے مالی استحکام اور عوامی بہبود کے منصوبوں پر احسن انداز میں عملدرآمد کے لئے مالی وسائل میں اضافہ ناگزیر ہے لہزا نادہندگان سے بقایا جات کی وصولی میں کوئی رعایت نہیں ہونی چاہیئے۔ انہوں نے واضح کہا کہ مختلف فیسوں، جرمانوں اور واجبات کی ادائیگی میں تاخیر یا لیت لعل کو خاطر میں نہ لایا جائے اور عدم ادائیگی پر نادہندگان کیخلاف سخت ترین قانونی کارروائی کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ٹارگٹ کے حصول میں کوتاہی یا ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے فیلڈ سٹاف کی نشاندہی کرکے محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلڈنگ پلان، کمر شلائزیشن کی منظوری، غیر قانونی تعمیرات، ہائوسنگ سکیموں میں غیر قانونی ڈویلپمنٹ کے خلاف جرمانوں اور دیگر واجبات کی وصولی کے اعدادو شمار کے بارے روزانہ آگاہ کریں اس سلسلے میں انچارج افسران فیلڈ سٹاف کو متحرک رکھیں۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے تاکید کی کہ جمع ہونے والے واجبات کی رسیدیں ذمہ داری سے چیک کریں اس سلسلے میں تصدیق کے طریقہ کار پر عملدرآمد میں لاپروائی نہ کی جائے اور رقوم کے اندراجات میں کوئی فرق نہیں ہونا چاہیئے۔ اجلاس کے دوران مختلف شعبوں کے انچارج افسران نے ریونیو ریکوری کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں