بہادری کا مظاہرہ کرنے والے71افراد کیلئے سول ایوارڈز کی منظوری

اسلام آباد(بیوروچیف) حکومت نے بہادری کا مظاہرہ کرنے والے 71افراد کو سول ایوارڈز دینے کا فیصلہ کر لیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت کابینہ ڈویژن میں اہم اجلاس ہوا جس میں ملک و قوم کی حفاظت کے لیے بہادری اور شجاعت کا مظاہرہ کرنے والوں کے لیے سول ایوارڈز کی نامزدگی کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں مجموعی طور پر 71افراد کے لیے مختلف سول اعزازات کی منظوری دی گئی۔اس موقع پر محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی حفاظت کے لیے جان نچھاور کرنے والوں اور غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرنے والوں کی حوصلہ افزائی انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ان بہادر سپوتوں نے اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر ملک کی بے مثل خدمت کی ہے اور قوم ان کی ہمیشہ مشکور رہے گی۔وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا ہے کہ شہدائے وطن ہمارے سر کا تاج ہیں، ان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جبکہ غازی قوم کے ہیرو ہیں اور ان کی جرات پر سب کو ناز ہے، شہدا اور غازیوں کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹری کابینہ ڈویژن، ڈپٹی ڈی جی آئی بی اور اعلی حکام نے شرکت کی جبکہ تمام صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ایڈیشنل چیف سیکرٹریز اور سیکرٹریز داخلہ نے بذریعہ زوم اجلاس میں شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں