ریکارڈ یافتہ ملزم کی پان شاپ اور پولیس پر فائرنگ،تھانیدار کو ٹکریں مار کر زخمی کرڈالا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ گلبرگ کے علاقہ زاہد پان شاپ پر ریکارڈ یافتہ ملزم فیاض عرف کرنٹ کی ہوائی فائرنگ، گرفتاری کیلئے پہنچنے والی پولیس پارٹی پر بھی فائرنگ، انچارج انوسٹی گیشن کو ٹکریں مار کر زخمی کر دیا، علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق قتل واقدام قتل سمیت دیگر سنگین مقدمات میں ملوث ریکارڈ یافتہ ملزم فیاض عرف کرنٹ نے گلبرگ کے علاقہ زاہد پان شاپ پر اسلحہ کی نمائش کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ کی، سرعام مین شاہراہ پر ہوائی فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ گلبرگ عدیل اکرم’ انچارج انوسٹی گیشن عمران وغیرہ موقع پر پہنچے تو ریکارڈ یافتہ ملزم فیاض عرف کرنٹ نے پولیس پارٹی کو آتے دیکھ کر ان پر بھی فائرنگ کر دی، علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا اور ٹریفک جام ہو گئی۔ اس دوران انچارج انوسٹی گیشن نے فیاض عرف کرنٹ کو پکڑنے کی کوشش کی تو اس نے ٹکریں مار کر اسے زخمی کر دیا۔ تاہم پولیس پارٹی نے گھیرا ڈال کر خطرناک ریکارڈ یافتہ ملزم فیاض عرف کرنٹ کو اسلحہ سمیت قابو کر لیا اور اس کے خلاف ہوائی فائرنگ کرنے سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے بازپرس شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں