نتائج دینے والے افسران کو نظرانداز نہیں کیا جائیگا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) محنت ، دیانت اور نتائج دینے والے افسران کو نظر انداز نہیں کیا جائے گااور ان کی کارکردگی کا اعتراف کرنا ہماری انتظامی ذمہ داری ہے۔یہ بات ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے محکمہ مال کے افسران کی کارکر د گی کے اعتراف میں منعقدہ خصوصی تقریب کے دور ا ن کہی۔تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے افسران میں تعریفی اسناد اور50،50ہزارروپے فی کس نقد انعامات تقسیم کئے۔اعزازات حاصل کرنے والوں میں اسسٹنٹ کمشنر صدر ڈاکٹر ذوالقرنین، اسسٹنٹ کمشنر قمر منج، تحصیلدار اور نائب تحصیلدار شامل تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ میں ایسے افسران کی کمی نہیں جو شب و روز عوامی خدمت اور سرکاری امور کی بہتری میں مصروف ہیں اور آج ہم ان کی محنت کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ مالی انعام صرف ایک رقم نہیں بلکہ سرکاری نظام میں اچھی کارکردگی اور محنت کے جذبہ کا اعتراف کرنا ہے اورایسے افسران کی ضرورت ہے جو نہ صرف نظم و ضبط کے ساتھ کام کریں بلکہ عوامی مسائل کو حل کرنے میں بھی پیش پیش ہوں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہم سب کا مقصد فیصل آباد کے عوام کو ایک منظم، مثر اور شفاف انتظامی نظام فراہم کرنا ہے۔تقریب میں موجود افسران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی پہلے سے بڑھ کر محنت کریں گے تاکہ شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں