فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) فیصل آبادچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق نائب صدر اور سپریم انجمن تاجران و کریانہ مرچینٹس ایسوسی ایشن گول کریانہ بازارکے صدر حاجی اسلم بھلی، جنرل سیکرٹری شیخ محمد فاضل اوردیگر عہدیددارو ںنے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اضافہ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکسوں سے بھرا بجٹ منظور ہوتے ہی حکومت نے دوسری بار پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میںہوشرباء اضافہ کرکے عوام سے سکون اور تاجروں سے کاروبار چھین لیاہے پہلے ہی عوام مہنگائی کے طوفان کی لپیٹ میں ہیں اس ناقابل برداشت اضافے سے ہونے والی مہنگائی عوام اور حکومت کے درمیان نفرت کو بڑھاوا دیگی۔ حاجی اسلم بھلی ،شیخ محمدفاضل اور سینئر عہدیداروں نے حکومت پرزور دیا ہے کہ جب تک ملک کے معاشی حالات ٹھیک نہیں ہوتے قومی خزانہ پر بوجھ کم کرنے کیلئے ارکان اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافہ واپس لیا جائے۔




