فی ایکڑ پیداوار بڑھائیں گے، رانا تنویر حسین

لاہور(بیورو چیف)وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ زراعت کے شعبہ کی ترقی وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی اولین ترجیح ہے، زرعی خودکفالت کے حصول کے لیے زراعت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے،کسانوں کو ناقص بیج فراہم کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، زرعی پیداوار میں اضافہ کیلئے مشینی کاشتکاری ناگزیرہے ،ملکی معیشت کی بحالی کیلئے بڑے مشکل فیصلے کرنا پڑے،وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں جلد ملک کو معاشی قوت بنائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں ملکی سطح پر تیار ہونے والے براق ٹریکٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہاکہ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے،پاکستان ایک زرعی ملک اور60 فیصد سے زائد افراد زراعت سے وابستہ ہیں، اللہ تعالی نے ملک خداداد کو تمام وسائل سے مالا مال کیا ہے،بدقسمتی سے ہمارے کسان فصلوں کی مطلوبہ پیداوار حاصل نہیں کر پا رہے ہیں،زراعت میں کچھ ترقی ہوئی لیکن ہم وہاں تک نہیں پہنچ سکے جہاں دوسرے ممالک پہنچے ہیں،ہمارے ہمسائے ملک جہاں غربت اور افلاس تھی اب زرعی پیدوار میں آگے ہیں، زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے،ہمیں روایتی طریقوں سے ہٹ کر مشینی کاشتکاری کو فروغ دینا ہو گا،اللہ تعالی نے پاکستان کو زرخیز زمین، محنتی کسانوں سے نوازا ہے، ان وسائل کو موثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے ہم نہ صرف خوراک میں خود کفیل ہو سکتے ہیں بلکہ برآمدات بھی بڑھا سکتے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کسانوں کو آگاہی سمیت ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے،اس حوالے سے وزارت بھی زرعی مشینی نظام کے فروغ کے لیے پرعزم ہے کیونکہ یہ بہتر پیداوار، فصل کے بعد نقصانات میں کمی اور خوراک کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے، زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح کیونکہ یہی وہ راستہ ہے جو پیداوار میں اضافے، لاگت میں کمی اور کسانوں کے منافع میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں