سینیٹ الیکشن آج

پشاور(بیوروچیف) پنجاب میں ایک سیٹ اورخیبر پختونخوا میںسینیٹ کی 11نشستوں کے لیے انتخابات آج ہو رہے ہیں’ جس کے لیے26امیدوار میدان میں ہیں۔ خیبر پختونخوا میں الیکشن کے لیے کے پی اسمبلی کے جرگہ ہال کو الیکشن روم مقرر کیا گیا ہے اور سینیٹ الیکشن کے لیے سکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں سینیٹ الیکشن کے دوران ہارس ٹریڈنگ سے بچنے کے لیے حکومت اور اپوزیشن نے 6اور 5نشستوں کا فارمولا طے کیا ہے۔ فارمولے کے مطابق حکومت کے حصے میں 6جبکہ اپوزیشن کے حصے میں 5 نشستیں آئیں گی۔ کے پی سے جنرل نشستوں پر حکومت کے 4اور اپوزیشن کے 3امیدوار مقابلے میں ہیں جبکہ خواتین اور ٹیکنوکریٹ کی نشستوں پر حکومت اور اپوزیشن کے 2، 2امیدوار نامزد ہیں۔ پی ٹی آئی نے جنرل نشستوں کے لیے مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا آفریدی، نورالحق قادری کو نامزد کیا ہے جبکہ روبینہ ناز، اعظم سواتی بھی پی ٹی آئی کے امیدواروں میں شامل ہیں۔اپوزیشن کی جنرل نشستوں پر ن لیگ سے نیاز احمد، پیپلز پارٹی سے طلحہ محمود، جے یو آئی سے عطا الحق امیدوار ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کی روبینہ خالد اور جے یو آئی کے دلاور خان بھی میدان میں ہیں۔ کے پی اسمبلی میں حکومتی ارکان کی تعداد 92جبکہ اپوزیشن کو 53ارکان کی حمایت حاصل ہے، جنرل نشست کیلئے 19، خواتین اور ٹیکنوکریٹ نشست کیلئے 49ووٹ درکار ہیں۔ اپوزیشن کو تیسری جنرل نشست جیتنے کیلئے 4ووٹوں کی ضرورت ہو گی، 5ناراض اراکین میں سے 4کے دستبردار ہونے کے بعد جنرل نشست پر خرم ذیشان میدان میں ہیں۔ دوسری جانب پنجاب سے سینیٹ کی خالی نشست پرضمنی الیکشن آج ہورہا ہے جس کے لیے پنجاب اسمبلی کو پولنگ اسٹیشن مقرر کردیا گیا ہے۔ الیکشن کمشنر پنجاب ریٹرننگ آفیسر کے فرائض انجام دیں گے، 371کے ایوان میں سے 369ارکان ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر پروفیسر ساجد میر کی وفات کے بعد خالی نشست پر مسلم لیگ ن کے حافظ عبدالکریم امیدوار ہیں جبکہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے مہر عبدالستار امیدوار ہیں، 2آزاد امیدوارخدیجہ صدیقی اور اعجاز حسین بھی میدان میں ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں