فیسکو کا ایکسین لاکھوں کی رشوت کے الزام میں گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) فیصل آباد زون نے کارروائی کرتے ہوئے فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کے ایگزیکٹو انجینئر (ایکسئین)محمد وقاص کو رشوت خوری اور بدعنوانی کے الزامات میں گرفتار کر لیا۔ ملزم فیسکو کے سول لائنز آفس میں تعینات تھا اور اس پر الزام ہے کہ اس نے سرگودھا روڈ، فیصل آباد پر واقع ایک نجی ہائوسنگ سوسائٹی کو غیر قانونی طور پر بجلی فراہم کی۔ایف آئی اے ذرائع کے مطابق، محمد وقاص نے اس غیر قانونی سرگرمی کے عوض لاکھوں روپے بطور رشوت وصول کیے۔ گرفتاری کے بعد ملزم کے خلاف تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ اس کے دیگر شریک ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ یہ کارروائی بدعنوانی کے خاتمے اور سرکاری اداروں میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیسکو کے دیگر ملازمین کے خلاف بھی تحقیقات جاری ہیں، اور جو بھی اس طرح کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا، اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس سے قبل بھی فیسکو کے متعدد اہلکاروں کو غیر قانونی بجلی کی فراہمی اور اوور بلنگ کے الزامات میں معطل یا گرفتار کیا جا چکا ہے۔ عوامی حلقوں نے ایف آئی اے کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے اسے سرکاری اداروں میں احتساب کے عمل کو مضبوط کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں