فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر) سماجی و سیاسی شخصیت چوہدری حسام علی وڑائچ نے کہا ہے کہ ملک میں تیزی سے بڑھتی ہوئی مہنگائی نے غریب عوام کا جینا مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن بنادیا ہے ۔ہر پندرہ روز بعد پٹرول کی قیمتیں بڑھا کر عوام کا کچومر نکالا جار رہا ہے جبکہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ بھی غریب عوام کو خود کشیوں پر مجبور کررہا ہے ۔ملک اس وقت ناز ک دور سے گزر رہا ہے جہاں مہنگائی ‘ بے روزگاری اور بدامنی نے عوام آدمی کا جینا دوبھر کر رکھا ہے ایسے حالات میں ضرورت اس امر ہے کہ تمام سیاسی ‘ سماجی اورانتظامی ادارے ذاتی مفادات سے بالا تر ہو کر عوامی خدمت کو اپنا مشن بنائیں ۔ انہوںنے کہا کہ ایک مہذب اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد قانون کی حکمرانی ‘ انصاف کی فوری فراہمی اور غریب طبقے کے مسائل کے فوری حل میں مضمر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم واقعی ایک خوشحال اور مستحکم پاکستان چاہتے ہیں تو ہمیںتعلیمی معیار کو بہتر اور صحت کی سہولیات کو عام کرنا ہو گا ۔ نوجوانوں کو روز گار کے موقع فراہم کرنا اور بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ہو گا ۔ سیاست کو ذاتی مفادات کی بجائے عوامی فلاح کے لئے استعمال کیا جائے تب ہی معاشرے میں مبثت تبدیلی آسکتی ہے ۔ انہوںنے مزید کہا کہ نوجوان نسل ہمارے ملک کا سرمایہ ہے اور اس کی فکری تربیت ‘ اخلاقی رہنمائی اور عملی معاونت مستقبل کو سنوار سکتی ہے ۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہم سب مل کر قومی مفاد کو مقدم رکھیں اور پالیسیاں مرتب کی جائیں جو پائیدار ترقی یقینی ضمانت بن سکے ۔




