مکوآنہ(نامہ نگار)ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر جڑانوالہ ڈاکٹر صومیہ جمیل نے اتائی ڈاکٹروں کیخلاف کریک ڈان مزید تیز کرتے ہوئے جڑانوالہ مکوانہ میں کارروائیاں کیں، جس کے دوران تین غیر قانونی کلینک سیل کر دیے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر صومیہ جمیل نے عوامی شکایات موصول ہونے پر مکوانہ کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جہاں غیر تربیت یافتہ افراد انسانی جانوں سے کھیلتے ہوئے غیر قانونی طور پر علاج معالجہ کر رہے تھے۔ کارروائی کے دوران کلینکس کو سیل کر دیا گیا جبکہ بھاری مقدار میں ایلوپیتھک ادویات قبضے میں لے کر چالان پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن لاہور بھجوا دیا گیا۔اس موقع پر ڈاکٹر صومیہ جمیل کا کہنا تھا کہ اتائیت انسانی زندگیوں کے لیے سنگین خطرہ ہے اور کسی کو بھی غیر قانونی طور پر علاج کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔




