پاکستان کی 5نئی جگہوں کو عالمی آرکیالوجیکل سائٹس کیلئے نامزد کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد( بیو رو چیف )کشنل کمیٹی برائے ڈیولیوشن، قومی ورثہ و ثقافت نے پاکستان کی پانچ تاریخی اور ثقافتی مقامات کو یونیسکو کے عالمی آرکیالوجیکل سائٹس کی فہرست میں شامل کرنے کے لیے نامزد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے حکام کے مطابق جن مقامات کو عالمی ورثہ کے لیے نامزد کیا جائے گا، ان میں بھنبھور بندرگاہ، بلوچستان کا کاریز سسٹم، نگرپار کلچرل لینڈسکیپ، رانی گھٹ سائٹ اور ہرن مینار شامل ہیں۔حکام نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ روات قلعہ کے تحفظ کا کام 2017میں شروع کیا گیا، قلعے کے عقب میں ایک مسجد واقع ہے جہاں سے نمازیوں کی آمدورفت رہتی ہے، اس حوالے سے سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت نے بتایا کہ اگر قلعہ پر انٹری ٹکٹ نافذ کیا جاتا ہے تو نمازی اعتراض کرتے ہیں، ایک مرتبہ جب ٹکٹ نافذ کیا گیا تو محلے کے لوگ جمع ہو گئے اور احتجاج کیا۔حکام کے مطابق اس معاملے کو حساسیت سے دیکھتے ہوئے توازن قائم رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ ثقافتی ورثے کے تحفظ اور مقامی کمیونٹی کی مذہبی ضروریات دونوں کا خیال رکھا جا سکے۔فنکشنل کمیٹی نے ان تجاویز کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ عالمی سطح پر ان مقامات کو تسلیم کیے جانے سے پاکستان کا تاریخی، ثقافتی اور سیاحتی تشخص مزید اجاگر ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں