تحریک انصاف5اگست کو بھی کچھ نہیں کرے گی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ ن کے رہنما بیرسٹر عمر احمدمنے خان نے کہاہے کہ پی ٹی آئی 5اگست کوبھی کچھ نہیں کرے گی اب وہ تحریک کے قابل نہیں رہی اسکے تمام ارکان کوعلم ہے کہ پنجاب سے کارکن نہیں لائے جاسکتے جبکہ وزیراعلی علی امین گنڈاپور ”مریخ” کے ساتھ طے شدہ پالیسی کے مطابق چلتے ہیں۔ ان کاکہناتھاکہ میاں نواز شریف کو مائنس کرنے اورن سے ش نکالنے والے خود مائنس بھی ہو گئے اور تقسیم بھی-جھوٹے مقدمات اورایک نااہل شخص کواقتدارمیں لاکر معیشت کا بیڑہ غرق کرنے والے سازشوں میں ناکام ہوئے آ ج میاں نوازشریف کی قیادت میں مرکز اورپنجاب حکومت نے ڈیڑھ سال میں معیشت کو مستحکم اورروزمرہ کی تمام اشیا سستی کرکے عوام کو خوشحال کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ملک اورعوام کے لیے کام کرنے والی جماعت ہے جبکہ پی ٹی آئی اداروں کوبدنام اور نوجوان نسل کو گمراہ کرنے والی جماعت ہے۔ پی ٹی آئی نے اپنے کردارسے ملک کو نقصان پہنچایا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کی کوشش تھی ملک ڈیفالٹ ہو جائے مگر مسلم لیگ ن نے اتحادیوں کے ساتھ مل کر ملک کی معاشی مشکلات کم کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ذرا سی مشکلات پر واویلا شروع کردیا ہے جبکہ مسلم لیگ ن نے جھوٹے مقدمات کا سامنا کیا۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے بھارت کو ناکوں چنے چبوائے جومیاں نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کے ایٹمی قوت بننے کانتیجہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں