سنگین وارداتوں میں ملوث خطرناک ڈاکو اپنے انجام کو پہنچ گیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ صدر کے علاقہ اعوان والا پل کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران بنک وپٹرول پمپ لوٹنے سمیت دیگر وارداتوں میں ملوث خطرناک ڈاکو فیصل شاہ اپنے انجام کو پہنچ گیا، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے اس کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق سی سی ڈی ٹیم نے ستیانہ روڈ پر اعوان والا پل کے قریب موٹرسائیکل سوار چار مشکوک افراد کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی اور قریبی کھیتوں میں گھس کر بھی پولیس پارٹی پر فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا، پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی، فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس پارٹی نے قریب جا کر دیکھا تو ایک ڈاکو زخمی حالت میں پڑا تھا۔ جبکہ اسکے دیگر ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے، زخمی ڈکیت کو تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ مرنے والے ڈاکو کی شناخت فیصل شاہ ولد شفیق سکنہ 214رب علی ٹائون کے نام سے ہوئی۔ جو کہ 38سے زائد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔ مرنے والا ڈاکو ضلع حافظ آباد میں پولیس مقابلہ میں مفرور’ پٹرول پمپ’ بینک ڈکیتی سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث نکلا۔ تاہم سی سی ڈی نے مرنے والے ڈاکو کے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں