شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے

ٹھیکریوالہ (نامہ نگار) تھانہ ٹھیکری والا میں سی پی او فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر کی کھلی کچہری، عوامی مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت ۔ تفصیلات کے مطابق سٹی پولیس آفیسر فیصل آباد ڈی آئی جی صاحبزادہ بلال عمر کی زیر صدارت تھانہ ٹھیکری والا میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد شہریوں کو انصاف کی فوری فراہمی اور ان کے مسائل کا حل ان کی دہلیز پر یقینی بنانا تھا۔ اس موقع پر ایس پی اقبال ڈویژن، ڈی ایس پی صدر فیصل آباد، ایس ایچ او تھانہ ٹھیکری والا سمیت دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔ سی پی او فیصل آباد نے کھلی کچہری میں شریک شہریوں کی درخواستوں اور شکایات کو خود سنا اور متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ہدایات جاری کیں کہ مسائل کا حل میرٹ اور شفافیت کے ساتھ فوری یقینی بنایا جائے۔ سی پی او کا کہنا تھا کہ یہ کھلی کچہریاں وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب کی خصوصی ہدایت پر منعقد کی جارہی ہیں تاکہ شہریوں کو بروقت انصاف فراہم کیا جا سکے۔ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور انصاف کی بروقت فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ سی پی او نے اس بات پر زور دیا کہ تھانوں کی سطح پر کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کے مسائل کو براہ راست سنا جائے تاکہ انہیں دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ بھی ایسے عوامی رابطہ پروگرامز کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کی فضا کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں