نکاسی آب کے لئے واسا کی ٹیمیں متحرک

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مینیجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ کی کی قیادت میں ورکرز مون سون سیزن میں تیزی کیساتھ نکاسی آب کیلئے متحرک اور مستعد ہیں جس کا واضح ثبوت گزشتہ دنوں ہونیوالی 100 ملی میٹر سے زائد بارشوں کے پانی کا اخراج بہت کم دورانیہ میں کرنا شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار سی بی اے یونین واسا کے صدر میاں مقصود احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین خالد خاں، ڈپٹی جنرل سیکرٹری عامر رحمت، شبیر گل سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ صدر سی بی اے میاں مقصود نے مزید کہا کہ شہر کے 19 پونڈنگ پوائنٹس پر ایمرجنسی ریلیف کیمپس کا قیام اور وہاں ورکرز کی چوبیس گھنٹے ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ حفاظتی سامان کی دستیابی یقینی بنائی گئی ہے جس سے واسا ورکرز کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ واسا کے ورکرز شیڈول کے مطابق ڈرینج لائنوں اور مین چینل کی ڈی سلٹنگ بھی کررہے ہیں جس سے بارش کے پانی کے ساتھ ساتھ سیوریج نکاسی میں بھی مزید بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹاف کی کمی کے باوجود مون سون سیزن کے دوران سیور مین سمیت دیگر اہلکار جن میں ڈرائیورز، پمپ آپریٹرز سمیت دیگر شامل ہیں بھی محنت، لگن اور ذمہ داری کے ساتھ اپنی ڈیوٹیز انجام دے رہے ہیں جو کہ ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔ صدر سی بی اے یونین نے شہریوں بھی گزارش کی ہے کہ مون سون سیزن کے دوران واسا عملہ کے ساتھ تعاون کریں اور سیوریج لائنوں، مین چینلز میں سالڈ ویسٹ، ملبہ، شاپر، پلاسٹک کی بوتلیں و دیگراشیا ہرگرمت پھینکیں اس سے ایک طرف شہریوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ دوسری جانب واسا اہلکاروں پر کام کا بوجھ بڑھ جاتا ہے ۔ ہم سب نے مل کر شہر میں نکاسی آب کی صورتحال میں مزید بہتر لانا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں