ضلعی دفاتر میں عوام کو سہولت فراہم کرنا اولین ترجیح ہے،ڈپٹی کمشنر سرگودھا محمد وسیم

سرگودہا (بیورو چیف)ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے محافظ خانہ اور اراضی ریکارڈ سنٹر کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے دونوں اداروں کے انتظامی، حفاظتی اور عوامی سروسز کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے محافظ خانہ کی عمارت کے اندرونی و بیرونی حصوں، ریکارڈ رومز، فائر سیفٹی، بجلی کے نظام اور ممکنہ شارٹ سرکٹ کے خطرات کا معائینہ کیا۔ انہوں نے عملہ کو واضح ہدایت جاری کی کہ سرکاری ریکارڈ کو نہ صرف محفوظ اور مرتب رکھا جائے بلکہ اس کی ڈیجیٹلائزیشن اور بیک اپ کا بھی مکمل بندوبست ہونا چاہیے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریکارڈ کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے اراضی ریکارڈ سنٹر کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے سائلین سے ملاقات کی اور ان سے براہ راست معلومات حاصل کیں کہ انہیں زمین سے متعلقہ دستاویزات کے حصول میں کن مشکلات کا سامنا ہے اور عملے کا رویہ کیسا ہے۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر کو مختلف امور سے آگاہ کیا جن پر فوری نوٹس لیتے ہوئے انہوں نے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ تمام سائلین سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں، انتظار کے وقت کو کم کیا جائے اور ہر فرد کو مکمل رہنمائی فراہم کی جائے۔ کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے اراضی ریکارڈ سنٹر میں بنیادی سہولیات پینے کے صاف پانی، بیٹھنے کی سہولت، ایئر کنڈیشننگ اور رہنمائی کے لیے اسٹاف کی دستیابی کو بھی چیک کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو فہد محمود نے ڈپٹی کمشنر کو ادارے کی موجودہ کارکردگی، سٹاف کی تعیناتی اور یومیہ سائلین کی تعداد سے متعلق بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی دفاتر میں عوام کو سہولت فراہم کرنا اولین ترجیح ہے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے اچانک دورے مستقبل میں بھی جاری رہیں گے تاکہ سرکاری سروسز میں بہتری اور عوام کا اعتماد بحال رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں