لاہور (بیوروچیف)وزیر تعلیم رانا سکندر حیات سے سابق سپرسٹار کرکٹر محمد یوسف کی ملاقات ہوئی جس میں پنجاب کے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے فروغ کیلئے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ صوبے کے تعلیمی اداروں میں 1000 سپورٹس اکیڈمیاں بنا رہے ہیں جبکہ تعلیمی ادارو ں میں سپورٹس کی سہولیات میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے۔ ملاقات میں نوجوانوں میں کرکٹ کے رجحان کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں کرکٹ اکیڈمیاں قائم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پہلے مرحلے میں 5 سکولوں اور 5 کالجوں میں کرکٹ اکیڈمیوں کا پائیلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کی حکمت عملی طے کی گئی، جن میں سابق کرکٹر محمد یوسف بطور کوچ کرکٹ اپنی خدمات پیش کریں گے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ نوجوانوں کو پریشر برداشت کرتے ہوئے کھیلنا سکھانا بہت ضروری ہے۔ اس ضمن میں محمد یوسف نوجوانوں کو گراس روٹ لیول پر تربیت دیں گے۔ رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ مذکورہ اکیڈمیوں کے ذریعے نوجوانوں کو انگلینڈ میں ٹریننگ اور کاؤنٹی کھیلنے کا موقع بھی ملے گا جبکہ محمد یوسف کے ساتھ ملکر لڑکیوں کیلئے بھی سپورٹس اکیڈمیاں شروع کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو سپورٹس کے ذریعے مثبت سرگرمیوں کی طرف لا کر منشیات سے بچانا ہے۔ اس ضمن میں گراس روٹ لیول پر ٹیلنٹ کو یوٹیلائز کریں گے۔ وزیر تعلیم کا مزید کہنا تھا کہ اولمپک ایسوسی ایشن اور بیس بال فیڈریشن کے ساتھ ملکر کھیلوں کے فروغ پر کام جاری ہے۔ ہم ٹیکنالوجی کے ذریعے کھیلوں کو بہتر بنانے پر توجہ دے رہے ہیں۔ صوبے کے تعلیمی اداروں میں کرکٹ اکیڈمیاں قائم کرنے سے نوجوانوں کو اپنا ٹیلنٹ آزمانے کا بھرپور موقع ملے گا۔




