واسا عملہ کی غفلت،خیابان کالونی نمبر3میں گندے پانی نے تباہی مچا دی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) محکمہ واسا کے عملہ کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث خیابان کالونی نمبر3 جناح بلاک گلی نمبر2 میں سیوریج کے گندے پانی نے تباہی مچا دی، گندے اور تعفن زدہ پانی کے باعث سانس لینا بھی مشکل ہو گیا، بار بار شکایات درج کروانے کے باوجود محکمہ واسا کے عملہ نے خاموشی اختیار کر لی، مچھروں کی بہتات کی وجہ سے بیماریاں پھیلنے کا خدشہ، اہل علاقہ کا ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ نے سیوریج لائنوں کی جلد صفائی کروانے کا مطالبہ۔ خیابان کالونی نمبر3 جناح بلاک گلی نمبر2 کے باسیوں کا کہنا ہے کہ عرصہ دراز سے محکمہ واسا نے سیوریج لائنوں کی صفائی نہیں کی، جسکی وجہ سے گلی میں گٹر ابل رہے ہیں اور گندے اور تعفن زدہ پانی کھڑا ہونے سے پیدل چلنا بھی محال ہو گیا ہے۔ مچھروں کی بہتات کی وجہ سے نہ صرف بیماریاں پھیلنے کا خدشہ بلکہ سانس لینا بھی دشوار ہو چکا ہے۔ شکایات کے باوجود محکمہ واسا کا عملہ ٹس سے مس نہیں ہوتا اور مون سون موسم شروع ہونے اور آئے روز بارشوں نے رہی سہی کسر نکال دی۔ اہل علاقہ نے کمشنر مریم خان’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر’ ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ سیوریج لائنوں کی فی الفور صفائی کروائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں