ویسٹ ورکرز کے حقوق کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے،کمشنر سرگودھا

سرگودہا (بیورو چیف)کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت سرگودہا ویسٹ مینجمنٹ کمیٹی کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں کمیٹی کی گزشتہ تین ماہ کی کارکردگی کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صفائی، کنٹریکٹرز کی کارکردگی، عوامی شکایات، مانیٹرنگ رپورٹس، ستھرا پنجاب مہم اور پینلٹی سسٹم جیسے اہم امور پر غور کیا گیا۔اجلاس میں سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی رانا شاہد عمران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صرف جولائی کے مہینے میں اب تک 2 کروڑ 78 لاکھ 73 ہزار 500 روپے کے جرمانے مختلف کنٹریکٹرز پر کے پی آئیز کی خلاف ورزی پر عائد کیے گئے۔ جون میں 3 کروڑ 94 لاکھ 83 ہزار 313 روپے اور مئی میں 2 کروڑ 78 لاکھ 53 ہزار 477 روپے کے جرمانے کیے گئے، جبکہ اپریل کے آخری 15 دنوں میں 3 کروڑ 56 لاکھ 29 ہزار 347 روپے کی پینلٹی عائد کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ رواں ماہ کے دوران مانیٹرنگ ٹیموں نے 2 ہزار 958 انسپیکشنز کیں، مزید یہ کہ حکومت پنجاب کی جانب سے ہر دو یونین کونسلز پر ایک سپروائزر تعینات کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے، جس سے مانیٹرنگ کے نظام کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن رائے محمد یاسر بھٹی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ آصف اقبال ملک، چیف آفیسر ایم سی ماجد بن احمد، تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور مانیٹرنگ افسران شریک ہوئے۔کمشنر جہانزیب اعوان نے اجلاس سے خطاب میں اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ حکومتی پالیسیوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے فیلڈ میں موجود رہیں، عوام سے براہ راست فیڈبیک لیں اور کنٹریکٹرز کی نگرانی کریں۔ انہوں نے تحصیل سطح پر کنٹرول رومز کے قیام کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شکایات کا فوری ازالہ اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ پینلٹی سسٹم صرف کاغذی کارروائی نہ ہو بلکہ اس کے اثرات فیلڈ میں نظر آئیں۔ تمام ویسٹ ورکرز کو تنخواہوں کی ادائیگی صرف بینک اکاؤنٹس کے ذریعے کی جائے تاکہ شفافیت یقینی ہو۔ کمشنر نے ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کو کمپنی کے پینلٹی سسٹم کا آپریشنل جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کا یہ فلیگ شپ پروگرام نہ صرف صفائی کے نظام میں بہتری کا باعث ہے بلکہ اس کے ذریعے صوبے بھر میں ایک لاکھ سے زائد افراد کو روزگار بھی ملا ہے۔ ورکرز کے حقوق کا تحفظ بھی ہماری ذمہ داری ہے۔ ان کی مکمل تنخواہ، بائیو میٹرک حاضری اور فیلڈ ورک کی مانیٹرنگ ضروری ہے۔ کمشنر نے ہدایت دی کہ انتظامی افسران اپنی محنت اور نیک نیتی سے اس پروگرام کی کامیابی کو یقینی بنائیں اور عوامی فلاح و بہبود کے اس مشن میں بھرپور کرداراداکریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں