سعودیہ میں ٹریفک حادثہ،7پاکستانی عمرہ زائرین جاں بحق

جدہ (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب میں عمرہ کی ادائیگی کے بعد سفر کے دوران ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر سے تعلق رکھنے والے 7پاکستانی جاں بحق اور 6زخمی ہو گئے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق، بونیر کے علاقے ڈاگئی طوطالئی سے تعلق رکھنے والے 13افراد کا قافلہ عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب گیا تھا، زائرین عرفات سے مدینہ جارہے تھے۔جاں بحق اور زخمی افراد کا تعلق عمر باچا کے خاندان سے ہے، جو عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب گئے تھے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں غم کی فضا چھا گئی ہے اور ڈاگئی طوطالئی میں تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی نماز جنازہ آج رات سعودی عرب میں ادا کی جائے گی، جب کہ زخمی افراد کو سعودی اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان یا قریبی رشتہ داروں سے بتایا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں